انم رام نارائن ریڈی کی تلگو دیشم میں شمولیت کی تردید

چندرا بابو نائیڈو کی ستائش ، سابقہ متحدہ ریاست کے وزیر فینانس کا بیان
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : سابق ریاستی وزیر فینانس مسٹر اے رام نارائن ریڈی نے تلگو دیشم میں شمولیت کی تردید کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو کو ترقی کی علامت بتاتے ہوئے ان کی کارکردگی پر مکمل بھروسہ کا اظہار کیا ۔ چند دن سے انم برادرس کی تلگو دیشم میں شمولیت کی افواہیں زوروں پر چل رہی ہیں تاہم آج حیدرآباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور نا ہی تلگو دیشم سے انہیں کوئی پیشکش ہوئی ہے ۔ انہوں نے مستقبل میں تلگو دیشم میں شامل ہونے کے تمام دروازے کھلے رکھے ہیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی زبردست ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اور چندرا بابو نائیڈو کی 35 سالہ دوستی ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو میں تمام قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں اور ہر چیلنج کو قبول کرنے اور مشکلات کا سامنا کرنے میں وہ ماہر ہیں ۔ ان کی قیادت میں آندھرا پردیش کا روشن مستقبل ہے ۔ کسی بھی صورتحال میں وہ اقتدار پر فائز رہنے کے اہل ہیں ۔ انہوں نے مستقبل میں تلگو دیشم میں شمولیت کے امکانات کو مسترد نہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فی الوقت کانگریس میں ہیں اور اسمبلی میں کانگریس کی نمائندگی نہ ہونے کے باوجود کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی ۔ جمہوری انداز میں عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ کانگریس پارٹی کے لیے جیت ہار کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ اور نہ ہی کانگریس پارٹی نے اقتدار کو کبھی ترجیح دی ہے ۔ عوام کے ہر فیصلے کو قبول کیا ہے ۔۔