بائیں بازو جماعتوں کے قائدین کی ملاقات و مقابلہ کرنے کی پیشکش
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کی بائیں بازو جماعتوں نے ورنگل لوک سبھا کے مجوزہ ضمنی انتخاب میں انقلابی گلوکار غدر کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ بات سی پی آئی تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری مسٹر سی وینکٹ ریڈی اور سی پی آئی ایم تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری مسٹر ٹی ویرا بھدرم نے انقلابی گلوکار سے ملاقات کے بعد بتائی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ غدر چونکہ نکسلائٹ تحریک کے حامی کی حیثیت سے شہرت رکھتے ہیں ۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہیں مجوزہ انتخابات میں مقابلہ کا پیش کیا ہے ۔ بائیں بازو جماعتوں کے قائدین نے اس بات کا خیال ظاہر کیا کہ غدر انتخابی مقابلہ کے لیے ایک اچھے امیدوار ثابت ہوسکتے ہیں کیوں کہ انقلابی گلوکار نے سماج میں عوامی کاز کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ تاہم ان قائدین نے بتایا کہ غدر نے ان کے پیشکش پر کسی قسم کا منفی یا مثبت ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے ۔ واضح رہے کہ ورنگل لوک سبھا حلقہ سے کڈیم سری کے استعفیٰ کے بعد یہ نشست مخلوعہ ہوگئی ہے کیوں کہ کڈیم سری ہری کو تلنگانہ حکومت کی وزارت میں شامل کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر مقرر کیا گیا ہے ۔۔