انسداد مرض لوپس کیلئے اتوار کو نکلس روڈ پر شعور بیداری پروگرام

مریضوں کے علاوہ عوامی و سماجی تنظیموں کی شرکت
ڈاکٹر جی نرسمہلو و دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مہلک مرض لوپس (Lupus) سے متعلق عوام میں بیداری شعور پیدا کرنے کی غرض سے Rheumatology Association کے زیر اہتمام 10 مئی اتوار کو ورلڈ لوپس ڈے کے موقع پر بمقام نکلس روڈ جلاوھار کامپلکس تا پی وی گھاٹ ’ چہل قدمی برائے لوپس ‘ کا صبح 6-30 تا 9 بجے دن منعقد کیا جائے گا ۔ جس میں مریضوں کے علاوہ دیگر عوامی و سماجی تنظیموں سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد حصہ لے گی ۔ یہ بات آج یہاں نیشنل صدر انڈین رہیوماٹولوجی اسوسی ایشن آف انڈیا و ہیڈ ڈپارٹمنٹ آف رہیوماٹولوجی نمس ڈاکٹر جی نرسمہلو ، صدر رہیوماٹولوجی اسوسی ایشن برانچ حیدرآباد و چیف رہیوماٹولوجسٹ کمس ڈاکٹر سرت چندرا ماؤلی ویراولی ، ایچ او ڈی رہیوماٹولی نمس ڈاکٹر شریمتی لیزاراج شیکھر ، رہیوماٹولوجسٹ ڈاکٹر سرواجیت پال نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ مرض لوپس ایک انتہائی مہلک مرض ہے جو بالخصوص خواتین میں کثرت سے پایا جاتا ہے جب کہ اس مرض میں صرف 2 تا 3 فیصد مرد حضرات مبتلا ہوا کرتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مرض لوپس مریضوں کے اعضاء جیسے گردہ ، اعصاب ، دل ، پھیپھڑے کے علاوہ دیگر اعضاء پر اثر انداز ہوتے ہوئے سارے جسمانی اعضاء کو دیمک کی طرح تیزی کے ساتھ متاثر کرنے لگتا ہے اور اس مرض میں مبتلا مریض کو بروقت علاج نہ کرنے کی صورت میں موت بھی واقع ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مریض کو چہرے پر دھبہ بار بار بخار ، بال جھڑنا ، منہ میں چھالے آنا وغیرہ مرض لوپس کی علامتیں ہیں ۔ اس لیے مذکورہ علامات کے ظہور کے ساتھ خواتین کو چاہئے کہ وہ فوری کسی ماہر ڈاکٹر سے رجوع ہو کر تشخیص کروالی جائے تاکہ مہلک مریض لوپس پر قابو پایا جاسکے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ مرض سے متعلق ترقی یافتہ ممالک میں شعور بیدار کیا جاچکا ہے جب کہ ہمارے ملک میں مکمل بیداری نہیں ہے اور کہا کہ یہ پروگرام ریاست تلنگانہ بلکہ ہندوستان کا پہلا پروگرام ثابت ہوگا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر راج کرن دوڈم ، ڈاکٹر دتاکمار بھی موجود تھے ۔۔