نئی دہلی 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج کہا ہے کہ وہ انسداد جہیز قانون کی مخصوص فقرے میں ترمیم کرتے ہوئے قابل ضمانت بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ منسٹر آف اسٹیٹ اُمور داخلہ پرتھی بھائی چودھری نے راجیہ سبھا کو تحریری جواب میں یہ بات بتائی۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت تعزیرات ہند کی دفعہ 498A کو عدلیہ کی اجازت سے قابل ضمانت جرم قرار دینے کی تجویز رکھتی ہے۔ لاء کمیشن آف انڈیا اور ملیمت کمیٹی نے بھی یہ سفارش کی ہے۔ کابینہ نے اِس ضمن میں مسودہ تیار کرکے وزارت قانون سے رجوع کیا ہے۔ اِسے قابل ضمانت جرم بنانے کے نتیجہ میں فریقین کو عدالت کے باہر سمجھوتے کا اختیار رہے گا اور وہ قانونی کشاکش سے بچ سکیں گے۔