انسانیت کا قتل کرنے والا خوداحتسابی کرے :کشمیر پولیس سربراہ

 

جموں۔ 4جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی فائرنگ میں میں بی ایس ایف کے ایک اہلکار کی ہلاکت کے تناظر میں سینئر سیکورٹی عہدیداروں نے کہا ہے کہ پاکستان نہیں چاہتا ہے کہ ریاست اور سرحدوں پر امن وامان کی فضا بحال ہو۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کا حوصلہ بلند ہے اور وہ کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے جمعرات کو یہاں سانبہ میں مارے گئے بی ایس ایف ہیڈ کانسٹیبل کی میت پر پھول مالائیں رکھنے کی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کوبتایا ‘انسانیت کا قتل کرکے اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ اچھا کررہا ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ انہیں خود کااحتساب کرنا چاہئے ۔ باقی ہمارے فورسزکسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے اہل ہیں’۔ ان کا اشارہ پڑوسی ملک پاکستان کی طرف تھا۔تقریب میں موجود آئی جی بی ایس ایف جموں فرنٹیئر رام اوتار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ بی ایس ایف کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ سرحد پر امن رہے ۔ ان کا کہنا تھا’ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ امن کے ماحول کو درہم برہم کیا جائے ۔ اسی کوشش کا یہ نتیجہ ہے کہ چہارشنبہ کو انہوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ہمارا ایک جوان شہید ہوا۔