انسانیت سوز اسرائیلی بربریت کے خلاف فلسطینیوں کی حمایت

ملک گیر انسانیت بچاؤ احتجاجی تحریک، میڈیا کا استعمال ، جمعیتہ علماء کا اعلان
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : غزہ میں انسانیت سوز سفاکانہ صہیونی بربریت کے خلاف احتجاج اور ہزاروں فلسطینی شہدا اور لاکھوں زخموں سے چور خانماں برباد فلسطینی پناہ گزینوں کو انصاف دلانے کے لیے جمعیتہ علماء ہند نے ملک گیر ’ انسانیت بچاؤ احتجاجی ہفتہ مہم ‘ چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ مہم 4 اگست بروز پیر شروع ہوگی اور 8 اگست بروز جمعہ تک جاری رہے گی ۔ جمعہ کی نماز میں تمام ملک کی مساجد میں ائمہ حضرات مذمتی جمہوری قرار داد پیش کریں گے اور مستحکم امن کے قیام کے لیے دعاؤں کا اہتمام کریں گے ۔ اس دوران روزانہ نماز فجر میں ائمہ حضرات قنوت نازلہ کا بھی اہتمام کریں گے ۔ یہ مہم صرف مسلمانوں کی نہیں ہے بلکہ یہ انسانیت بچاؤ تحریک ہے ہم بلا لحاظ مذہب و ملت تمام انصاف پسند برادران وطن کو اس میں شریک کر کے انسانیت کے جذبے کو بیدار کرنا اور ظلم کے خلاف ایک ساتھ مل کر لڑنا چاہتے ہیں ۔ ظلم و تشدد کے خلاف پرامن جہاد اس تحریک کا عین مقصد ہے ۔ تحریک کے اس عظیم اور وسیع مقصد کے پیش نظر ہمیں مساجد کے دائرے سے باہر نکل کر جمہور عوام کو بیدار کرنے کے لیے اور ان کو اس عظیم تحریک میں شریک کرنے کے لیے عصر حاضر میں مروج میڈیا کا مثبت استعمال کرنا ہوگا ۔ لہذا ہم نے درج ذیل طریقہ کار اپنانے کا فیصلہ کیا ہے : (1) مسڈکال کے ذریعہ احتجاج : میڈیا اور اخباروں میں مشتہر مخصوص نمبر پر تحریک کے ایام کے دوران ملک کے گوشے گوشے سے لوگ مسڈ کال کریں گے ، ہر کال کرنے والے کو جوابی ایس ایم ایس ملے گا اور مقرر میڈیا ایجنسی ہر علاقے کی تمام کالوں کو حلقہ بہ حلقہ باقاعدہ ریکارڈ کرے گی ۔ تمام احتجاج کرنے والوں کی مصدقہ تعداد کے ریکارڈ کے ساتھ متعلقہ عالمی اداروں اور سفارت خانوں کو مذمتی قرار داد ارسال کی جائے گی ۔ جتنی زیادہ تعداد میں کالیں ہوں گی تحریک اتنی ہی موثر سمجھی جائے گی ۔ (2) منتخب ٹی وی چینلوں پر تحریک کے ایام میں عوامی بیداری اور مسڈکال اپیل کے لیے پٹی چلائی جائے گی ۔ (3) منتخب ریڈیو چینلوں پر آڈیو اپیل نشر کی جائے گی ۔ (4) سوشیل میڈیا ، فیس بک ، ٹیوٹر اور واٹس اپ کے ذریعہ ویڈیو اور آڈیو اپیل کی جائے گی ۔ (5) ملک گیر سطح پر اخبارات میں مسڈکال کے لیے مخصوص نمبر اور اپیل شائع کی جائے گی ۔ حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیتہ علماء تلنگانہ و اے پی نے عامتہ المسلمین سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ اس احتجاجی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور نہتے ، معصوم ، مظلوم ، بے سہارا مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ سے گڑگڑا کر دعائیں کریں کہ اللہ تعالیٰ انہیں ہمت دیں اور کامیابی عطا کرے ۔۔