طلبہ کو فکر نہ کرنے کا مشورہ ، ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کے سری ہری کا تیقن
حیدرآباد۔/6فبروری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر وزیر تعلیم کے سری ہری نے کہا کہ حکومت آئندہ 15دنوں میں تعلیمی سال 2013-14کے فیس ری ایمبرسمنٹ کے بقایا جات جاری کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی کابینہ نے گزشتہ سال کے بقایا جات کے طور پر 682کروڑ روپئے کی اجرائی کو منظوری دی ہے۔ تمام اضلاع سے مستحق طلبہ کی فہرست کو قطعیت دی جارہی ہے اور اس مرحلہ کی تکمیل کے ساتھ ہی اندرون پندرہ یوم فیس باز ادائیگی کی رقم جاری کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں طلبہ کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت طلبہ کی تعلیم کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ نے غریب طلبہ کی تعلیم کو پیش نظر رکھتے ہوئے سارے بقایا جات ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مستحق طلبہ کی فیس کی ادائیگی کا ذمہ حکومت نے لیا ہے تاکہ کمزور طبقات میں تعلیم کا رجحان عام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نئی اعلان کردہ اسکیم Fastسے دستبرداری اختیار کرلی تاکہ طلبہ کو مزید الجھن سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسکالر شپ اور فیس بازادائیگی اسکیمات حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔