اندرون تین یوم حج کے 518 درخواستوں کا ادخال: پروفیسر ایس اے شکور

حیدرآباد۔ 21 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حج سیزن 2015 ء کیلئے گزشتہ تین دن میں جملہ 518 درخواست فارمس داخل کئے گئے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ابھی تک 194 کورس کے تحت 518 درخواست فارمس حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہاؤز میں داخل کئے گئے۔ آج تیسرے دن 121 کور کے تحت 232 درخواست فارمس داخل کئے گئے۔ اس کے علاوہ آن لائین 9 درخواستیں داخل ہوئیں جو 5 کورس کے تحت ہیں۔ تمام درخواستیں حیدرآباد سے تعلق رکھتی ہیں جبکہ آندھرا سے تعلق رکھنے والے ایک عازم نے بھی حج کمیٹی میں اپنی درخواست داخل کی ۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک حج ہاؤز سے 3500 درخواست فارمس جاری ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے تمام اضلاع میں درخواستوں کی اجرائی کا کام جاری ہے اور متعلقہ اضلاع کی کمیٹیاں داخل کردہ درخواستیں بعد میں حج کمیٹی میں داخل کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی سے نمائندگی کی گئی ہے کہ 2011 ء مردم شماری کی بنیاد پر حج کوٹہ کا تعین کیا جائے۔ اس تجویز کی قبولیت کی صورت میں تلنگانہ میں مزید ایک ہزار عازمین کیلئے گنجائش فراہم ہوگی۔