ٹی آر ایس پارٹی کی کارکنوں کو خوش کرنے کی کوشش ، صدر ٹی آر ایس کا خطاب
حیدرآباد۔/24اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اندرون تین ماہ نامزد عہدوں پر تقررات کا عمل شروع کرنے کا اعلان کیا۔ پارٹی پلینری سے خطاب کے دوران چیف منسٹر نے اس اعلان کے ذریعہ پارٹی کارکنوں کو خوش کرنے کی کوشش کی کیونکہ گزشتہ 10ماہ سے سرکاری عہدوں پر عدم تقررات کے سبب قائدین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد مارکٹ کمیٹیوں، کارپوریشنوں اور بورڈز پر تقررات کا آغاز کیا جائے گا۔ اس طرح تلنگانہ جدوجہد اور پارٹی کیلئے خدمات انجام دینے والے قائدین کو مستحقہ مقام ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد اور پارٹی کیلئے ابتداء سے خدمات انجام دینے والوں کو مستحقہ مقام ملے گا اس سلسلہ میں کارکنوں کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔ ہر ضلع میں بنیادی سطح پر موجود کمیٹیوں سے لے کر ریاستی سطح کے کارپوریشنوں تک تقررات کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے حصول کیلئے گلی سے دہلی تک 14برسوں تک جدوجہد کی گئی اور اس دوران کارکنوں نے کئی قربانیاں دی ہیں۔ پولیس لاٹھی چارج، مقدمات اور جیل کی صعوبتوں کو برداشت کیا گیا۔