نئی دہلی ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) آنجہانی وزیراعظم اندرا گاندھی کو ان کی 33 ویں برسی اور ملک کے اولین وزیرداخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 142 ویں یوم پیدائش پر آج وزیراعظم نریندر مودی، ان کے پیشرو منموہن سنگھ اور سابق صدر پرنب مکرجی کی قیادت میں قوم میں خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم مودی نے ٹوئیٹ میں کہا کہ سابق پی ایم مسز اندرا گاندھی کو ان کی برسی پر خراج پیش ہے۔ اندرا گاندھی کی سمادھی ’شکتی استھل‘ پر سب سے پہلے پہنچ کر گلہائے عقیدت پیش کرنے والوں میں پرنب مکرجی، منموہن سنگھ اور نائب صدر کانگریس راہول گاندھی شامل ہیں۔ ملک کے مختلف گوشوں میں عوامی منتخب قائدین نے بھی دونوں شخصیتوں کو خراج پیش کیا۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی، گورنر بہار ستیہ پال ملک اور چیف منسٹر نتیش کمار و دیگر نے اس ضمن میں پیامات جاری کئے۔