ممبئی ، 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اندرانی مکرجی، اُس کے سابقہ شوہر سنجیو کھنہ اور ڈرائیور شیام رائے کی شینا بورا قتل کیس کے سلسلے میں عدالتی تحویل آج ایک مقامی مجسٹریٹ نے 19 اکٹوبر تک بڑھا دی ہے۔ جہاں کھنہ اور رائے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے یہاں ایسپلاناڈ کورٹ میں مجسٹریٹ ایم آر ناتو کے روبرو پیش کئے گئے، وہیں جیل کے عہدیداروں نے اندرانی کا وارنٹ عدالت کو بھیجا کیونکہ وہ سرکاری زیرانتظام جے جے ہاسپٹل میں زیرعلاج ہے، جہاں اسے جمعہ کو بیہوشی کی حالت میں شریک کرایا گیا تھا۔ اُس نے مبینہ طور پر دافع پژمردگی گولیوں کا حد سے زیادہ استعمال کرلیا تھا۔ میڈیا کی بڑی شخصیت 43 سالہ اندرانی کو گزشتہ روز ہوش آگیا اور وہ اب ’’خطرے سے باہر‘‘ ہے۔ اسے ایک دو روز میں بائیکلا جیل کو واپس منتقل کیا جاسکتا ہے۔ ڈیفنس ایڈوکیٹ شریانش متھارے نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ تمام تینوں ملزمین کی عدالتی تحویل میں توسیع چاہتے ہوئے سی بی آئی نے جسے اب اس سنسنی خیز قتل کیس کی تحقیقات کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے، عدالت کو بتایا کہ انھیں مزید جانکاری کیلئے مزید ریمارنڈ درکار ہے کیونکہ یہ کیس انھیں حال میں منتقل کیا گیا۔ کیس کی منتقلی کے بعد سے ممبئی کی عدالت نے یہ پہلی توسیع کی ہے۔