اندرانی مکرجی پھر ایک مرتبہ شریک دواخانہ

ممبئی۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک سابق میڈیا ایگزیکٹیو اندرانی مکرجی کو جو اپنی ہی بیٹی شینا بورا کے قتل کی کلیدی ملزم ہے۔ سینہ میں درد کی شکایت پر پھر ایک مرتبہ کل رات جے جے ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا۔ آئی این ایکس میڈیا کی معاون بانی 46 سالہ اندرانی بائیکلہ میں واقع خواتین کی جیل میں قید رکھی گئی ہے جس کو کل رات 11:30 بجے سینہ میں شدید تکلیف کی شکایت پر ایک سرکاری دواخانہ کے تشویشناک حالت سے متاثرہ مریضوں کی نگہداشت کے یونٹ (سی سی یو) میں شریک کیا گیا۔ جہاں علاج کرنے والوں ڈاکٹروں نے کہا کہ اب ان کی حالت مستحکم ہے۔ دو ماہ کے دوران اندرانی کو دوسری مرتبہ دواخانہ میں شریک کیا گیا۔ اپریل کے دوران انہیں نیم بے ہوشی کی حالت میں دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا۔جہاں ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ انہوں نے ذہنی سکون پہونچانے والی گولیوں کا کثیر مقدار میں استعمال کیا تھا جو ڈاکٹروں نے ان کیلئے نہیں لکھا تھا۔