تحقیقاتی عہدیدار کو جیل میں زہر دینے کی کوشش کا بھی شبہ
ممبئی۔/6اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام) اندرانی مکرجی کو آج جے جے ہاسپٹل ممبئی سے ڈسچارج کرکے واپس جیل بھیج دیا گیا۔ ان کے وکیل نے کہا کہ اندرانی مکرجی کو سی بی آئی کی ان سے تفتیش پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ جے جے ہاسپٹل کے ڈین ڈاکٹر ٹی بی لہارت نے بتایا کہ 43سالہ اندرانی علاج کے بعد روبہ صحت ہورہی ہیں اور ڈاکٹروں سے بھی بات چیت کررہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اندرانی کاعلاج کرنے والے ڈاکٹروں کی ٹیم یہ فیصلہ کرے گی۔ ان کا بیان ریکارڈ کرنے کیلئے پولیس کوکب اجازت دی جائے جبکہ ان کے اعضائے رئیسہ کارکرد ہوگئے ہیں اور ادویات کا اثر بھی ہورہا ہے۔ دریں اثناء ریاستی محکمہ داخلہ کے ایک سینئر عہدیدار جو کہ اندرانی کی جانب سے زائد مقدار میں گولیوں ( میڈیسن ) کے استعمال کی تحقیقات کررہے ہیں بتایا کہ اس پہلو سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ کسی نے انہیں ماردینے کیلئے زہر دینے کی کوشش تو نہیں کی ہے؟ انہوں نے بتایاکہ بادی النظر میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اندرانی نے جیل میں استعمال کیلئے ادویات کا ذخیرہ کرلیااور کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ ان کے اقدام خودکشی میں جیل حکام نے اعانت کی ہو۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیقات میں یہ پتہ چلایا جائے گا کہ آیاکسی اور نے زہر دینے کی کوشش کی ہے، اور ان لوگوں سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے جنہوں نے جیل میں اندرانی سے ملاقات کی ہے ۔ علاوہ ازیں جیل کے عہدیداروں اور دیگرقیدیوں اور باورچیوں سے اطلاعات حاصل کی جارہی ہیں جبکہ ڈاکٹروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ محروس قیدی ان کی نگرانی میں ادویات کا استعمال کریں۔ پرنسپال ہوم سکریٹری ( محابس ) وجئے ستبیر سنگھ نے بتایا کہ آئی جی ( محابس ) بیپن کمار سنگھ کی زیر قیادت تحقیقاتی ٹیم 9اکٹوبر تک اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ اندرانی مکرجی کو زائد مقدار میں ادویات کے استعمال پر بے ہوشی کی حالت میں جمعہ کی شب جے جے ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا تھا جہاں وہ روبہ صحت ہے جوکہ 21اگسٹ کو گرفتاری کے بعد بالکلیہ جیل میں محروس ہے۔