اندراماں ہاوزنگ اسکیم میں بے قاعدگیوں کی سی بی سی آئی ڈی تحقیقات جاری

اسمبلی میں ایس راجیا اور ڈی کے ارونا کے سوالات پر وزیر امکنہ اندرا کرن ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 28 ۔ مارچ ( سیاست نیوز) وزیر امکنہ اندرا کرن ریڈی نے بتایاکہ اندرا ماں ہاؤزنگ اسکیم میں بے قاعدگیوں کی سی بی سی آئی ڈی تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات کی تکمیل کے بعد ضروری کارروائی کی جائے گی ۔ اسمبلی میں ایس راجیا اور ڈی کے ارونا کے سوال پر وزیر امکنہ نے بتایا کہ حکومت نے مذکورہ اسکیم کے تحت مکمل کئے گئے مکانات کیلئے قیمت کی ادائیگی کی اجازت دی تھی اور محکمہ مال نے استفادہ کنندگان کی نشاندہی کی۔ 57210 استفادہ کنندگان میں 277 کروڑ 13 لاکھ روپئے جاری کئے گئے جنہوں نے جون 2014 ء سے فروری 2016 ء تک مکانات کی تعمیر مکمل کرلی تھی۔ ستمبر 2015 ء میں حکومت نے زیر تعمیر مکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت جاری کی اور ریونیو ٹیموں کے ذریعہ یہ کام مکمل کیا گیا۔ وزیر امکنہ کے مطابق استفادہ کنندگان اور مکانات کی تعمیر کے موقف کا جائزہ لینے کا کام ابھی جاری ہے ۔