انحراف کرنے والے ارکان کے مسئلہ پر جلد فیصلہ

ارکان کے خلاف کارروائی کے لیے نمائندگی ، مدھو سدن چاری
حیدرآباد۔/18نومبر، ( سیاست نیوز) اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری نے ایوان کو بتایا کہ وہ انحراف کرنے والے ارکان کے مسئلہ پر جلد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔ کانگریس پارٹی کے احتجاج کے دوران اسپیکر نے کہا کہ آج کانگریس قائدین کے وفد نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی چھوڑنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کیلئے نمائندگی کی ۔ اسپیکر نے کہا کہ یہ معاملہ زیر التواء ہے اور وہ قانون اور اسمبلی کی روایات کے مطابق جلد ہی کوئی کارروائی کریں گے۔ واضح رہے کہ کانگریس اور تلگودیشم نے اسپیکر کو ان ارکان کے خلاف نمائندگی کی جنہوں نے حالیہ دنوں متعلقہ پارٹیوں سے انحراف کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ منحرف ارکان اسمبلی کو دستور کے دسویں شیڈول اور قانون انسداد انحراف کے تحت نااہل قرار دیئے جانے کی مانگ کی جارہی ہے۔