انجینئرنگ کالجوں میں داخلوں کیلئے کونسلنگ

حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے انجنیئرنگ کالجس میں داخلوں سے متعلق ایمسیٹ کونسلنگ کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ 14 تا 23 اگست سریٹفکٹس کی جانچ کی جائے گی اور 31 اگست سے قبل داخلوں کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے دونوں ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 31 اگست سے قبل داخلوں کا عمل مکمل کرلیں اور یکم ستمبر سے کلاسس کا آغاز کیا جائے ۔ صدرنشین تلنگانہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن ٹی پاپی ریڈی نے بتایا کہ ریاست میں 23 مراکز پر جمعرات سے طلبہ کے سرٹیفکٹس کی جانچ کا کام شروع ہوجائے گا۔ دونوں ریاستوں کے درمیان مشترکہ ویب کونسلنگ کے طریقہ کار کو طئے کرنے کیلئے تلنگانہ اور آندھرا کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس آج منعقد ہوا جس میں کونسلنگ کے طریقہ کار کو قطعیت دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ کونسلنگ میں غیر مقامی طلبہ کو 15 فیصد کوٹہ مقرر کیا جائے گا اس کے علاوہ مینجمنٹ نشستوں پر داخلوں کے سلسلہ میں توقع ہے کہ بہت جلد حکومت احکامات جاری کرے گی ۔ 14 اگست کو فرسٹ رینکس سے 25000 رینکس تک کے طلبہ کے سرٹیفکٹس کی جانچ ہوگی جبکہ 16 اگست کو 25 تا 50 ہزار رینک ، 17 اگست کو 75000 تک کے رینک ، 18 اگست کو ایک لاکھ تک کے رینک ، 20 اگست کو ایک لاکھ 25 ہزار ، 22 اگست کو ایک لاکھ 75 ہزار اور 23 اگست کو مابقی رینک تک کے طلبہ کے سرٹیفکٹس کی جانچ ہوگی۔