انجینئرنگ کالجس فیس میں 19 فیصد اضافہ کا امکان

147 کالجس میں فیس 50 ہزار روپئے سے کم ہوگی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : اس سال انجینئرنگ کورس کے لیے فیس امکان ہے کہ 49 ہزار 760 روپئے ہوگی ۔ اس طرح زائد از 8 ہزار روپئے کا اضافہ ہوگا ۔ اس طرح فیس میں 19 فیصد اضافہ ہوگا ۔ داخلوں اور فیس کو باقاعدہ بنانے سے متعلق کمیٹی کی سفارشات کو منظوری کے ساتھ اس پر عمل ہوگا ۔ کمیٹی نے کافی غور و خوص کے بعد فیس سسٹم پر نظر ثانی کی ہے ۔ اسے امکان ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتہ میں قطعیت دی جائے گی ۔ اس وقت تک انجینئرنگ کالجس میں داخلوں کا عمل تیز تر ہوجائے گا ۔ حکومت فیس کو قطعیت دینے کے بعد ہر کالج کے لیے جی اوز جاری کرے گی اور ویب آپشن 5 جولائی سے اوپن ہوسکتا ہے ۔ ذرائع کے بموجب چار کالجس میں جہاں فیس ایک لاکھ سے زیادہ ہے فیس میں 8 تا دس فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق حکومت نے 69 کالجس کے لیے فیس 35 ہزار روپئے اور 8 کالجس کے لیے 35 ہزار تا 40 ہزار اور مزید 69 کالجس کے لیے فیس 41 ہزار اور 49 ہزار کے درمیان مقرر کی ہے ۔ اس طرح 147 کالجس میں فیس 50 ہزار کے اندر رہے گی ۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت اہل امیدواروں کے لیے صرف 35 ہزار روپئے فی کس باز ادائیگی کرے گی بہر حال دس ہزار سے نیچے رینک حاصل کرنے والے طلبہ کی مکمل فیس باز ادائیگی ہوگی ۔ انجینئرنگ کالجس کی فیس پر آخری نظر ثانی تعلیمی سال 2013-14 میں کی گئی تھی اور یہ نظر ثانی 3 سال کے لیے تھی ۔