حیدرآباد ۔ 2 جنوری (پریس نوٹ) انجمن محبان اردو تلنگانہ کے زیراہتمام عالمی مشاعرہ و عابد علی خاں یادگار ’’محب اردو ایوارڈ‘‘ تقریب کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔ جناب سید مسکین احمد بانی و کنوینر نے بتایا کہ مشاعرہ میں عالمی شہرت کے حامل شعراء جن میں فرحت شہزاد (شکاگو) جن کی غزلیات مہدی حسن، غلام علی کے علاوہ کئی فنکاروں نے گائی ہیں، اپنی شرکت کی توثیق کی ہے اور کہا کہ وہ شہر حیدرآباد کو دیکھنے اور وہاں کے باذوق سامعین کے روبرو ہونا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کے نامور شعراء عباس تابش کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ قطر سے عزیز نبیل نے بھی شرکت کی اطلاع دی ہے۔ اسدالرحمن ظفر ان دنوں آسٹریلیا میں شرکت کریں گے۔ ہندوستان کے بھی انتہائی مقبول شعراء کو دعوت دی گئی ہے۔ تحت اللفظ اور ترنم کے بہترین امتزاج کے ساتھ فہرست مرتب کی گئی ہے جس کو حیدرآباد کے باذوق سامعین مدتوں یاد رکھیں گے۔ حسب روایات اردو کاز کیلئے سرگرم اہم اشخاص کو عابد علی خاں یادگار ’’محب اردو ایوارڈ‘‘ اعتراف خدمات کیلئے عطا کیا جائے گا جن میں جلیل اظہر (نرمل)، ڈاکٹر انیس صدیقی (ورنگل)، قدوس قریشی (سنگاریڈی) ، ڈاکٹر مختار احمد فردین (حیدرآباد) کو کمیٹی نے منظوری دی ہے۔ حیدرآباد کے مرکزی مقام پر یہ مشاعرہ ہوگا۔ تاریخ کا متعاقب اعلان کیا جائے گا۔ داخلہ کی عام اجازت رہے گی۔