انتخابی منشور پر عمل کرنے پر کے سی آر کی تائید

سی پی آئی کا اعلان ۔ تلنگانہ یونٹ سکریٹری وینکٹ ریڈی کا بیان
حیدرآباد 26 مئی ( این ایس ایس ) سی پی آئی تلنگانہ یونٹ کے سکریٹری و سابق رکن اسمبلی سی ایچ وینکٹ ریڈی نے سارے تلنگانہ میں تشکیل تلنگانہ کے یوم تاسیس کا جشن منانے کی اپنے کیڈر کو ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ سکریٹریز ایس وینکٹیشورلو ‘ پی وینکٹ ریڈی اور سی پی آئی ریاستی سکریٹریٹ کے رکن رام نرمسہا راؤ بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے حصول میں سی پی آئی نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے سی پی آئی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ سی پی آئی کے قد آور لیڈر سی ایچ راجیشور راؤ کی صد سالہ تقاریب کا بھی تلنگانہ میں 6 جون کو انعقاد عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ دو متوقع

چیف منسٹرس کے چندر شیکھر راؤ اور این چندرا بابو نائیڈو کو چاہئے کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں۔ اس کی بجائے انہیں آپسی مسائل کو حل کرلینا چاہئے ۔ تلنگانہ کے نامزد چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر چندر شیکھر راؤ پارٹی کے انتخابی منشور پر عمل آوری کریں تو ان کو پارٹی کی تائید حاصل رہیگی ۔چندر شیکھر راؤ 2 جون کو تلنگانہ ریاست کے پہلے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے والے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ انتخابی مہم کے دوران اپنے منشور میں کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرتے ہوئے سماج کے تمام طبقات کی فلاح کیلئے کام کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ اگراپنے وعدوں کے مطابق کام کرتے ہیں تو سی پی آئی تلنگانہ یونٹ کی انہیں تائید حاصل رہے گی ۔