انتخابی ماحول میں ماؤسٹوں کی سرگرمیوں سے سنسنی

کتہ گوڑم میں پوسٹرس سے سیاسی قائدین خوفزدہ، انتخابی مہم ماند
حیدرآباد 26 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں انتخابی سرگرمیوں کے دوران ماؤسٹ پارٹی کے پوسٹر سے سنسنی پیدا ہوگئی۔ انتخابات کو بے فیض اور جمہوریت کے مخالف قرار دیتے ہوئے یہ پوسٹرس اچانک رونما ہوئے۔ تلنگانہ کے نوتشکیل شدہ ضلع بھدرادری کتہ گڈم کے بیلم پاڈو میں یہ پوسٹر لگائے گئے جو کافی عرصہ تک نکسلائیٹ تحریک کا مضبوط گڑھ تھا اور ان علاقوں میں ماؤسٹوں کا کافی اثر پایا جاتا ہے۔ انتخابی سرگرمیوں کے دوران ماؤسٹوں کی سرگرمی کی اطلاع سے سیاسی قائدین میں خوف پیدا ہوگیا ہے۔ تاہم پولیس ذرائع نے اس بات کی توثیق نہیں کی۔ جبکہ تلنگانہ راشٹرا کمیٹی، سی پی آئی (ماؤسٹ) کے نام سے یہ پوسٹر جاری ہوا۔ جس میں ماؤسٹوں نے کہاکہ سیاسی پارٹیاں تمام عوام اور ان کے مفادات کے عین خلاف ہیں بلکہ یہ جمہوریت اقتدار کیلئے بھی خطرناک ہیں۔ عوام میں خوف پیدا کیا جاتا ہے اور ایک دوسرے کو شکست دینے ایک سے دوسرے کو بہتر ثابت کرکے عوام کے حق میں رہنے کی دہائی دی جاتی ہے جبکہ تمام پارٹیاں عوام دوست نظریہ کے خلاف ہیں۔ ماؤسٹ نے انتخابات اور انتخابی عمل کو فرضی قرار دیا اور برسر اقتدار جماعت کو ظالم بتا کر دوسری جماعت مظلوم عوام کو لوٹنے کا طریقہ اپناتی ہے اور عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے۔ پوسٹر میں کہا گیا کہ اس پارلیمنٹری نظام میں عوام کیلئے متبادل نہیں ہے۔ کتہ گڈم میں ظاہر ہوئے پوسٹرس کی سرکاری ذرائع سے توثیق نہیں ہوسکی تاہم اس کی تشہیر سے انتخابی تشہیر ضرور ماند پڑ گئی ہے۔