انتخابی فائدہ کیلئے این ٹی آر ، وائی ایس آر اور کے سی آر پر فلموں کی تیاری

نومبر یا سنکرانتی میں ریلیز ممکن،بالا کرشنا این ٹی آر کے رول میں، ٹامل ایکٹر ناصرکا کردار نبھائیں گے

حیدرآباد۔یکم جولائی، ( سیاست نیوز) جیسے جیسے انتخابات قریب آرہے ہیں سیاسی جماعتیں عوام کو راغب کرنے اور اپنے ووٹ بینک میں اضافہ کیلئے طرح طرح کے حربے استعمال کرنے پر آمادہ ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس اور تلگودیشم نے اپنے آنجہانی قائدین کے نام پر ووٹ حاصل کرنے کی تیاری کرلی ہے جبکہ ٹی آر ایس اپنے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کے نام سے فلم کی تیاری میں مصروف ہے۔ آنجہانی این ٹی راما راؤ، آنجہانی ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی اور چیف منسٹر کے سی آر کی زندگی پر مشتمل فلموں کی تیزی سے تیاری جاری ہے اور توقع ہے کہ نومبر یا سنکرانتی کے موقع پر یہ فلمیں ریلیز کردی جائیں گی۔ تلگودیشم پارٹی کیلئے این ٹی راما راؤ پر فلم نہ صرف تلنگانہ بلکہ آندھرا پردیش میں بھی فائدہ پہنچا سکتی ہے۔ پارٹی قائدین کو یقین ہے کہ آج بھی این ٹی راما راؤ کی شخصیت عوام کیلئے قابل احترام اور کرشماتی ہے۔ ان کی فلاحی اور عوامی خدمات کو عوام بھولے نہیں ہیں۔ اگرچہ موجودہ تلگودیشم پارٹی اور اس کے سربراہ این چندرا بابو نائیڈو کا این ٹی راما راؤ سے اختلاف ہوچکا تھا اور انہیں چیف منسٹر کے عہدہ سے بغاوت کے ذریعہ بیدخل کردیا گیا تھا پھر بھی اُن کے نام پر ووٹ حاصل کرنے کیلئے فلم تیار کی جارہی ہے۔ عام انتخابات سے عین قبل تینوں قائدین کی یہ فلمیں پارٹی انتخابی مہم کا حصہ بن سکتی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ این ٹی راما راؤ اور وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی زندگی پر مشتمل فلمیں پروڈکشن کے اختتامی مرحلہ میں ہیں جبکہ چندر شیکھر راؤ پر فلم کی تیاری کا حال ہی میں آغاز ہوا ہے۔ نومبر یا آئندہ سال سنکرانتی کے موقع پر یہ فلمیں ریلیز کی جاسکتی ہیں۔ اگر اسمبلی اور لوک سبھا کے وسط مدتی انتخابات کا اعلان ہوجائے تو یہ فلمیں انتخابات سے قبل ریلیز ہوں گی نہیں تو اپریل اور مئی میں مقررہ شیڈول کے مطابق انتخابات کی صورت میں جنوری میں ریلیز ہوں گی۔ اطلاعات کے مطابق این ٹی راما راؤ کے فرزند اور رکن اسمبلی نندا موری بالا کرشنا اپنے والد کی فلم میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ کیرالا سے تعلق رکھنے والے مشہور فلم ایکٹر مموٹی کو ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کا رول دیا گیا ہے۔ ان کی فلم کا ٹائیٹل ’’ یاترا ‘‘ رکھا گیا جو آنجہانی قائد کی تاریخی پدیاترا کی یاد تازہ کرتا ہے جو انہوں نے پارٹی کو برسراقتدار لانے کیلئے کی تھی۔ ٹامل فلم انڈسٹری کے ہمہ لسانی ایکٹر ایم ناصر کو چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کا رول ادا کرنے منتخب کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ فلم کا نام ’’ اودیاما سمہم ‘‘ رکھا گیا ہے جس سے علحدہ تلنگانہ تحریک کی یاد تازہ ہوگی۔ فلموں کی تیاری کے بعد آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس اور تلگودیشم کے درمیان عملاً این ٹی آر بمقابلہ راجنا ( وائی ایس آر ) دلچسپ مقابلہ رہے گا۔ دونوں پارٹیوں کو یقین ہے کہ فلموں سے انہیں کافی فائدہ ہوگا اور عوام کے درمیان آنجہانی قائدین کی خدمات کی یاد تازہ ہوگی۔ وائی ایس آر کانگریس کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی اپنے والد کے نقش قدم پر ریاست گیر پدیاترا پر ہیں۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس دونوں راج شیکھر ریڈی کی وراثت پر اپنی دعویداری پیش کرتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ تلنگانہ میں کے سی آر کی فلم سے توقع کی جارہی ہے کہ علحدہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران قربانیوں کی یاد تازہ ہوگی جس سے ٹی آر ایس کو فائدہ ہوگا۔