حیدرآباد۔/31 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آئندہ دنوں منعقد ہونے والے قبل از وقت مجوزہ اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ عمل میں آنے کے ساتھ انتخابی بے قاعدگیوں اور رقومات کی حمل و نقل وغیرہ پر کڑی نظر رکھتے ہوئے غیرقانونی طور پر گاڑیوں میں بڑے پیمانے پر منتقل کی جانے والی رقومات کو ضبط کرنے کیلئے ریاست تلنگانہ کے تمام سرحدی علاقوں پر پولیس اکسائیز وغیرہ کے چیک پوسٹس قائم کردیئے گئے ہیں اور ان چیک پوسٹوں کے ذریعہ مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں اور کروڑہا روپئے ضبط کئے جارہے ہیں۔ ریاست تلنگان کو مربوط کرنے والی پڑوسی ریاستوں کی شاہراہوں پر یہ چیک پوسٹس قائم کئے گئے ہیں۔ جہاں چیک پوسٹس پر تعیناتی اور انتخابی ڈیوٹی کیلئے خدمات حاصل کرنے کے مسئلہ پر ریاست آندھرا پردیش پولیس پر اعتماد نہ پائے جانے کا اظہار کرتے ہوئے آندھرا پردیش پولیس کی خدمات حاصل کرنے سے صاف انکار کردیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تین دن قبل آندھرا پردیش سے ریاست تلنگانہ کو آنے والی ایک کار کی تنقیح کرنے پر غیرقانونی طور پر منتقل کئے جانے والے سات لاکھ روپے کی رقم برآمد ہوئی جسے ضبط کرلیا گیا۔ آندھرا پردیش سے تلنگانہ کو ملنے والی مختلف شاہراہوں پر بھی سخت نظر رکھنے کیلئے مرکزسے خصوصی درخواست کرکے ابھی سے ہی مرکزی فورسیس سی آئی ایس ایف کو طلب کرلیا گیا ہے۔