آج وجئے واڑہ میں سی پی آئی الیکشن کمیٹی اجلاس، ڈاکٹر کے نارائنا کا بیان
حیدرآباد ۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) متحدہ آندھراپردیش میں آئندہ ماہ منعقد ہونے والے عام انتخابات کیلئے کانگریس پارٹی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کرنے کیلئے ریاستی سی پی آئی نے فیصلہ کیا ہے۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سکریٹری ریاستی سی پی آئی ڈاکٹر کے نارائنا نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ سی پی آئی تلنگانہ کی الیکشن کمیٹی کا اجلاس آج یہاں منعقدہوا ۔ اور اس اجلاس میں کانگریس پارٹی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کے مسئلہ پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا اور پھر سی پی آئی نے کانگریس پارٹی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کرنے کا فیصلہ کیا۔ ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ ملک گیر سطح پر کانگریس پارٹی کیلئے مخالف لہر پائی جانے کے باوجود تلنگانہ علاقہ میں صورتحال کانگریس پارٹی کیلئے بہت ہی موافق بتائی گئی ہے۔ انہوں نے اپنے اس خیال کا اظہار کیا کہ علاقہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کیلئے اچھے نتائج حاصل کرنے کانگریس پارٹی، تلنگانہ راشٹرا سمیتی اور سی پی آئی مل کر انتخابات میں حصہ لینا چاہئے۔ سکریٹری ریاستی سی پی آئی نے مزید کہا کہ 16 مارچ اتوار کو وجئے واڑہ میں آندھراپردیش ریاست کی سی پی آئی کی الیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا اور دونوں علاقوں یعنی تلنگانہ اور سیما۔ آندھرا میں حالات کے اعتبار سے انتخابی مفاہمت کی جائے گی اور 20 مارچ کے بعد انتخابی مفاہمت کے مسئلہ پر تفصیلی غوروخوض کیا جائے گا۔ ڈاکٹر کے نارائنا نے تلنگانہ الیکشن کمیٹی سی پی آئی کے اجلاس میں مسٹر ایس سدھاکر ریڈی سکریٹری قومی سی پی آئی، سی ایچ وینکٹ ریڈی و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔