انٹونی دیو کمار نے جائزہ حاصل کرلیا ۔ عوام سے ملاقاتیں بھی جاری
حیدرآباد 30 نومبر (سیاست نیوز) انتخابات کے دوران حیدرآباد میں پولیس انتظامات کا بروقت جائزہ لینے اور انتخابی سرگرمیوں کے دوران لاء اینڈ آرڈر کے مسائل پر نظر رکھنے مرکزی الیکشن کمیشن نے اترپردیش کیڈر کے سینئر آئی پی ایس عہدیدار ایل وی انٹونی دیو کمار کو پولیس مبصر (پولیس آبزرور) مقرر کیا ہے ۔ اُنھوں نے گزشتہ ہفتے جائزہ لیتے ہوئے کئی شکایت کنندگان کو ملاقات کا موقع دیا۔ انتخابات کے دوران پولیس مشنری کی کارکردگی کو بہتر بنانے انٹونی دیو کمار نے دونوں شہروں کے کئی پولنگ اسٹیشنس کا معائنہ کیا جن میں حلقہ کاروان، چارمینار، بہادر پورہ اور دیگر شامل ہیں۔ انٹونی دیو کمار کا کیمپ آفس پولیس آفیسرس میس میں کمرہ نمبر 108 مانصاحب ٹینک میں قائم کیا گیا اور وہ صبح 9 تا 10 عوام سے ملاقات کررہے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران مختلف ناخوشگوار واقعات کی سماعت کررہے ہیں اور متعلقہ پولیس کو کارروائی کیلئے احکام جاری کررہے ہیں۔ عوام کے علاوہ سیاسی پارٹیوں اور اُن کے لیڈرس کو بھی ملاقات کا موقع دیا جارہا ہے۔ پولیس آبزرور انٹونی دیوکمار شہر کا دورہ کرکے عوام سے ملاقات کررہے ہیں اور ایسے پولنگ اسٹیشنس کا معائنہ کررہے ہیں جنھیں حساس و انتہائی حساس قرار دیا گیا ۔ انٹونی دیو کمار سے فون 6309999456 پر ربط کیا جاسکتا ہے اور عوام اُنھیں اِس نمبر پر واٹس ایپ کے ذریعہ بھی مسیج روانہ کرسکتے ہیں۔