واشنگٹن ۔ /4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں انتخابی نظام کو پرعیب قرار دیتے ہوئے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے رائے دہی کے دوران رائے دہندوں کا شناختی نظام قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ ایک دن قبل انہوں نے متنازعہ کمیٹی کو برخواست کرنے کے حکم نامہ پر دستخط کئے تھے جو انتخابی دھوکہ دہی کا پتہ چلانے قائم کی گئی تھی۔ اس کمیٹی کے صدرنشین نائب صدر مائیک پینس تھے ۔ انہوں نے اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی اور ریاستوں پر تحقیقات میں تعاون نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ ڈیموکریٹک زیراقتدار ریاستوں کی جانب سے معلومات کی فرہم سے انکار کیا جارہا ہے ۔ ان ریاستوں میں مبینہ طور کئی افراد غیرقانونی طور پر ووٹ دے رہے ہیں ۔