پاناجی 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) نوتشکیل شدہ تنظیم سوراج ابھیان نے آج کہاکہ وہ انسداد رشوت ستانی کے جہدکار بزرگ انا ہزارے سے یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ اس موقع پر تنظیم میں شامل ہوجائیں۔ اندیشہ ہے کہ اس سے شخصیت پرستی کا مسئلہ پیدا ہوگا۔ انا ہزارے کو مستقبل قریب میں سوراج ابھیان کا حصہ بنایا جائے گا۔ سوراج ابھیان لیڈر یوگیندر یادو نے گوا میں کہاکہ مستقبل میں ہم کو انا ہزارے کی ضرورت محسوس ہوگی تو ہم ان سے درخواست کریں گے کہ وہ ہمارا ساتھ دیں اور ہماری رہنمائی کریں۔ لیکن فی الحال ہم نے ان سے رابطہ قائم نہیں کیا ہے۔ یوگیندر یادو یہاں ایک خانگی دورے پر پہونچے تھے۔ انھوں نے کہاکہ اگر ہم نے سوراج ابھیان کو کامیاب بنایا تو ہم اس تنظیم کے ذریعہ اہم کام کریں گے۔ اس گروپ کو عام آدمی پارٹی کے خارج شدہ قائدین یوگیندر یادو اور پرشانت بھوشن نے قائم کیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ عام آدمی پارٹی کے بشمول کسی بھی دوسری پارٹی کی شخصیت کو ہمنوا بنانے کی کوشش کریں گے۔ یوگیندر یادو نے کہاکہ انا ہزارے نے ہماری بات کو مسترد نہیں کیا ہے۔ ہم ان سے باقاعدہ رجوع ہوں گے۔ شخصیت پرستی سے استفادہ کرنا اچھی بات نہیں ہے۔