انا ڈی ایم کے پر رائے دہندوں میں رقومات کی تقسیم کا الزام

چینائی ۔ 9 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام) : الیکشن کمیشن سے فی الفور کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈی ایم کے صدر مسٹر ایم کروناندھی نے آج یہ الزام عائد کیا ہے کہ سری رنگم حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں حکمران انا ڈی ایم کے رائے دہندوں میں رقومات تقسیم کررہی ہے ۔ انہوں نے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ ضلع انتظامیہ ، پولیس اور الیکشن کمیشن کی سازباز سے حکمران جماعت نے کل شب رائے دہندوں میں رقومات تقسیم کئے ۔ ڈی ایم کے الزام عائد کیا کہ اگرچیکہ الیکشن کمیشن آزادانہ و منصفانہ انتخابات کا خواہش مند ہے ۔ لیکن سری رنگاپٹنم میں متعین دوسرے درجہ کے عہدیدار حکمران جماعت کے تابعدار بن گئے ہیں ۔ میڈیا میں شائع ان رپورٹس پر کہ حکمران جماعت کے کارکن دیگر جماعتوں کے حامیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔ مسٹر کروناندھی نے رقومات کی تقسیم اور حریف جماعتوں کے کارکنوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ جمہوری اصولوں کی تحفظ کے لیے متحرک ہوجائیں ۔ واضح رہے کہ حلقہ اسمبلی سری رنگم کے ضمنی انتخابات 13 فروری کو منعقد ہوں گے جس میں انا ڈی ایم کے ، ڈی ایم کے ، بی جے پی کے بشمول 29 امیدواروں مقابلے ہیں جب کہ کانگریس اس مقابلے میں نہیں ہے ۔۔