انا ڈی ایم کے راجیہ سبھا میں این ڈی اے کی تائید کیلئے تیار!

نئی دہلی ۔ /3 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر ٹاملناڈو جئے للیتا نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور راجیہ سبھا میں حکومت کو انا ڈی ایم کے کی تائید کا امکان مسترد نہیں کیا ۔ نریندر مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد ان کے دفتر میں جئے للیتا کی یہ پہلی ملاقات تھی ۔ اس موقع پر انہوں نے 65 صفحات پر مشتمل یادداشت پیش کی جن میں ٹاملناڈو کیلئے زائد وسائل مختص کرنے اور ملاپریار ڈیم کیلئے ذیلی کمیٹی کی تشکیل کا عمل تیز کرنے کے مطالبات شامل تھے ۔ ملاقات کے بعد جئے للیتا نے کہا کہ بات چیت کارآمد رہی ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اناڈی ایم کے کیا این ڈی اے میں شامل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ انا ڈی ایم کے کی این ڈی اے کو باہر سے تائید کے امکان کے بارے میں پوچھے جانے پر جئے للیتا نے جواب دیا کہ این ڈی اے کو پوری اکثریت حاصل ہے ۔

حقیقت تو یہ ہے کہ خود بی جے پی کو قطعیت اکثریت حاصل ہے اور انہیں باہر سے تائید کی ضرورت نہیں ۔ جئے للیتا نے راجیہ سبھا میں این ڈی اے کی تائید کا امکان مسترد نہیں کیا اور کہا کہ جب صورتحال متقاضی ہوگی اس وقت دیکھا جائے گا ۔ لوک سبھا میں بی جے پی کو جہاں قطعی اکثریت حاصل ہے وہیں راجیہ سبھا میں وہ اقلیت میں ہے اور اسے بعض اہم قوانین کی منظوری کیلئے چھوٹی علاقائی جماعتوں کی تائید درکار ہوگی ۔ 243 رکنی ایوان بالا میں بی جے پی ارکان کی تعداد 42 ہے جبکہ اناڈی ایم کے ارکان کی تعداد 10 ہے ۔ لوک سبھا میں انا ڈی ایم کے 37 نشستوں کے ساتھ تیسری سب سے بڑی جماعت ہے ۔ بعدازاں جئے للیتا نے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے بھی خیرسگالی ملاقات کی ۔

کروناندھی 91سال کے ہوگئے
چینائی۔/3جون، ( سیاست ڈاٹ کام) صدر ڈی ایم کے ایم کروناندھی آج 91برس کے ہوگئے۔ اس موقع پر پارٹی کیڈرس نے مٹھائیاں تقسیم کرکے خوشیاں منائیں۔ کروناندھی نے اپنی 91ویں سالگرہ کے موقع پر صبح جلد بیدار ہوکر سب سے پہلے پارٹی کے بانی سی این انا دورائی کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کی۔ سالگرہ کی مبارکباد دینے کیلئے کروناندھی کی گوپال پورم میں واقع رہائش گاہ پر پارٹی ورکرس ، ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے عوام کا تانتا بندھا ہوا تھا جہاں وہ انھیں مبارکباد پیش کرنے آئے تھے۔ کروناندھی پارٹی ہیڈکوارٹرس موقوعہ انااریوالیم پر سینکڑوں پارٹی ورکرس سے ملاقات کریں گے۔ کروناندھی شام میں ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔