نئی دہلی ۔ 13 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کے حلقہ پارلیمان امیٹھی میں میگا فوڈ پارک کے مسئلہ پر آج پھر ایکبار لوک سبھا میں تلخ و تند بحث ہوگئی جب کہ کانگریس نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ، ترقیاتی مسائل پر انتقامی سیاست اختیار کئے ہوئے ہے ۔ کانگریس لیڈر ملک ارجن کھرگے نے جب نریندر مودی حکومت کی جانب سے فوڈ پارک کی منسوخی کا تذکرہ کیا تو کانگریس اور حکمران جماعت ارکان کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی ۔ انہوں نے یہ الزام عائد کیا کہ انتقامی سیاست اختیار کرتے ہوئے پیشرو یو پی اے حکومت کی جانب سے منظورہ پراجکٹس کو منسوخ یا پھر پیشرفت سے تساہل برتی جارہی ہے ۔ اس خصوص میں انہوں نے راجستھان میں اندرا گاندھی سے موسوم کینال پراجکٹ ، دہلی میں ایمس کی توسیع کے تحت 1000 بستروں والے نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ کی مثال پیش کی ۔ مسٹر کھرگے نے دریافت کیا کہ اگر یہ انتقامی سیاست نہیں ہے تو پھر اسے کیا کہا جائے ۔ انہوں نے امیٹھی فوڈ پارک کی منسوخی پر مرکزی وزیر فوڈ پراسیسنگ ہرشمرت کور کے بیان کا بھی حوالہ دیا ۔ جس پر مرکزی وزیر فی الفور وضاحت پیش کرنے کی اجازت طلب کی اور کہا کہ کانگریس لیڈر نے ان کا نام لیا ہے ۔ لہذا انہیں جواب دینے کا حق ہے ۔ بی جے پی ارکان کیرتی سومیا اور مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے ان کی تائید کی تاہم اسپیکر سمترا مہاجن کی جانب سے بیان دینے کی اجازت دینے سے انکار کے باوجود ہرشمرت کور نے وضاحت پیش کرنے کی کوشش کی
جس پر کانگریس ارکان برہم ہو کر ایوان کے وسط میں پہنچ گئے ۔ ہنگامہ آرائی کے پیش نظر اسپیکر نے 20 منٹ کے لیے ایوان کی کارروائی ملتوی کردی ۔ ایوان کی کارروائی دوبارہ جیسے ہی شروع ہوئی اسپیکر نے کور کو تحریری جواب دینے کی ہدایت دی جس پر کانگریس ارکان نے شدید ردعمل کااظہار کیا ۔ اسپیکر نے جب کانگریس ارکان کو خاموش کرواتے ہوئے قانون بیع و شرع کا بل پیش کرنے کی ہدایت دی تو راجستھان سے وابستہ بعض بی جے پی ارکان نے کانگریس کے خلاف نعرے بلند کئے اور الزام عائد کیا کہ راجستھان کینال پراجکٹ کے بارے میں گمراہ کیا جارہا ہے ۔ جب کہ اس پراجکٹ کا مقصد بعض ٹاونس کو پینے کے پانی کی فراہمی ہے ۔ حالات بے قابو ہوجانے پر اسپیکر نے 2 بجے تک ایوان کی کارروائی ملتوی کردی اور کہا کہ ارکان ، ایوان کی کارروائی بلا رکاوٹ چلانے کے موڈ میں نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ وزیر فوڈ پراسنسنگ نے پارلیمنٹ میں کل یہ بیان دیا تھا کہ شکتی مان میگا فوڈ پارک پرائیوٹ لمٹیڈ مروجہ قواعد کی تکمیل سے قاصر تھی جس کے باعث امیٹھی فوڈ پارک منسوخ کردیا گیا ہے ۔