سینئر قائدین سے مشاورت نہ کرنے کی شکایت، کنٹیا سے ربط
حیدرآباد۔/16مارچ، ( سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے لوک سبھا امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں مقامی قائدین کی رائے کو نظرانداز کرنے کی شکایت کی۔ انہوں نے اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنٹیا سے فون پر بات چیت کی۔ پنالہ لکشمیا نے کہا کہ مقامی قائدین سے مشاورت کے بغیر اور ریاستی الیکشن کمیٹی میں غور کئے بغیر ہی امیدواروں کا انتخاب افسوسناک ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیٹی کی سفارش کے بغیر ہی امیدوار مقرر کئے جانے پر ناراضگی جتائی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے موجودہ قائدین میں سینیاریٹی کے اعتبار سے وہ اور گیتا ریڈی پہلی صف میں ہیں لیکن انہیں کم از کم اطلاع دیئے بغیر یا ان سے صلاح ومشورہ کے بغیر ہی امیدواروں کا اعلان کیا جارہا ہے۔ پنالہ لکشمیا دراصل کانگریس امیدواروں کی پہلی فہرست میں بعض غیر معروف قائدین کے ناموں کی شمولیت پر ناراض ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ورنگل اور میدک اضلاع میں پنالہ لکشمیا اور گیتا ریڈی کے سفارش کردہ امیدواروں کو ہائی کمان نے نظرانداز کرتے ہوئے دیگر قائدین کو امیدوار بنایا ہے۔