نئی دہلی ۔ /29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ریزرو بینک آف انڈیا ( آر بی آئی) نے نوٹ بندی کے بعد بینکوں سے نقدی نکالنے کی ہفتہ وار حد میں پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے امیدوار کیلئے اضافہ کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کی درخواست کو مسترد کردیا ہے ۔ جس پر کمیشن نے برہمی کے ساتھ اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ کمیشن نے چہارشنبہ کو آر بی آئی سے درخواست کی تھی کہ امیدواروں کو کھاتوں سے رقم نکالنے کیلئے مقررہ ہفتہ وار 24000 روپئے سے بڑھاکر 200000 روپئے کردی جائے کیونکہ امیدواروں کو اپنے انتخابی مصارف سے نمٹنے میں دشواری درپیش ہے ۔ لیکن آر بی آئی نے جواب دیا تھا کہ اس مرحلہ پر حد میں اضافہ کرنا ممکن نہیں ہے ۔ مرکزی بینک کے منفی جواب پر برہم الیکشن کمیشن اب آر بی آئی گورنر ارجیت پٹیل کو مکتوب روانہ کررہا ہے جس میں اس مسئلہ سے نمٹنے میں بینک کے ناروا رویہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ کمیشن نے کہا کہ ’’ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آر بی آئی اس صورتحال کی سنگینی کو نہیں سمجھ سکی ہے ‘‘ کمیشن نے بینک سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے کی خواہش کی ہے ۔