امیجس آف حیدرآباد کی دوسری جلد منظر عام پر

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے ہاتھوں رسم اجراء ،ادارہ سیاست کی کاوشوں کی ستائش
حیدرآباد 2 سپٹمبر (سیاست نیوز) ادارہ سیاست کی جانب سے حیدرآباد کی نادر و نایاب تصاویر پر مشتمل البم ’’امیجس آف حیدرآباد‘‘ کی دوسری جلد منظرعام پر آچکی ہے۔ جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر ریاست تلنگانہ نے آج دفتر سیاست میں ’’امیجس آف حیدرآباد‘‘ کی دوسری جلد کا رسم اجراء انجام دیا۔ اِس موقع پر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور دیگر موجود تھے۔ پہلی جلد کی غیرمعمولی پذیرائی کے بعد ادارہ سیاست نے مزید 600 نایاب و نادر تصاویر پر مشتمل دوسری جلد شائع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے منتخبہ تصاویر کے ساتھ دوسری جلد کو عوام کی خدمت میں پیش کیا ہے۔ ادارہ سیاست کی جانب سے حیدرآباد کے نوجوانوں کو اُن کے اسلاف کی تاریخ کے علاوہ حیدرآباد کی شان و شوکت سے واقف کروانے کے ساتھ ساتھ حیدرآباد کی تہذیبی روایات کو تصاویر کے ذریعہ محفوظ کرنے کی کوشش کے طور پر اِن البمس کی اشاعت عمل میں لائی گئی ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر کے ذرائع کے بموجب جناب کے چندرشیکھر راؤ چیف منسٹر تلنگانہ نے حیدرآباد کے متعلق اِن تصویری البمس کو اپنے دفتر میں شامل رکھا ہے تاکہ حیدرآباد کی تاریخی اہمیت و افادیت کو بروقت اُجاگر کیا جاسکے۔ جناب محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ نے کتاب کی رسم اجراء کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ حیدرآباد کی نادر و نایاب تصاویر پر مشتمل اِن البمس کے ذریعہ آئندہ نسلوں کو حیدرآباد کی عظمت رفتہ کے متعلق واقف کروایا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں حیدرآباد کی تعمیر نو اور حکومت کے منصوبے ’’برانڈ حیدرآباد‘‘ کو عملی جامہ پہنانے میں بھی تاریخی حوالوں کے ساتھ اِن البمس میں موجود یہ تصاویر انتہائی کارآمد ثابت ہوسکتی ہیں۔ اُنھوں نے ادارہ سیاست کی جانب سے ’’امیجس آف حیدرآباد‘‘ کی دوسری جلد کی اشاعت پر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست و دیگر ارباب سیاست کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ حیدرآباد کی تہذیبی و ثقافتی تاریخ کے تحفظ میں سیاست کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ جناب محمود علی نے اِس موقع پر مختلف اُمور پر ذمہ داران سیاست کے ہمراہ تبادلہ خیال کیا۔ جناب زاہد علی خاں نے بتایا کہ شہریان حیدرآباد اور قارئین سیاست کے علاوہ بیرون ملک موجود حیدرآبادیوں کی جانب سے روزنامہ سیاست کی زیرنگرانی شائع کی گئی ’’امیجس آف حیدرآباد‘‘ کی جلد اوّل کو زبردست مقبولیت حاصل ہوئی اور تاریخ اور تہذیب سے دلچسپی رکھنے والوں نے اِسے ایک بہترین دستاویز قرار دیا۔ اِس پذیرائی اور عوامی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ادارہ سیاست نے مزید 600 تصاویر پر مشتمل ’’امیجس آف حیدرآباد‘‘ کی دوسری جلد عوام کی خدمت میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جلد کی قیمت 3000/- روپئے رکھی گئی ہے اور جو لوگ رسم اجراء سے قبل اپنی کاپی بُک کرواچکے ہیں وہ بھی اب جنرل منیجر روزنامہ سیاست سے رابطہ کرتے ہوئے اپنی کاپی حاصل کرسکتے ہیں۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی کا خیرمقدم کیا۔ اِس موقع پر مختلف اُمور و مسائل پر گفتگو کی گئی۔