امیت شاہ کی ممبئی میں آر ایس ایس قائدین سے ملاقات

ممبئی ۔ 26 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج آر ایس ایس قائدین سے یہاں سنگھ کے دفتر میں ملاقات کی جسے سنگھ فیملی نے خیرسگالی ملاقات قرار دیا ہے ۔ آر ایس ایس جنرل سکریٹری سریش عرف بھیا جی جوشی نے میڈیا والوں کو بتایا کہ امیت شاہ نے خیرسگالی ملاقات کی ہے اور گزشتہ روز دہلی میں منعقدہ بی جے پی قومی عاملہ اجلاس کی تفصیلات سے سنگھ کے قائدین کو واقف کروایا ۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا حلیف شیوسینا کے ساتھ تعلقات میں تلخی کا مسئلہ آج کی میٹنگ میں زیرغور رہا ، جوشی نے کہاکہ یہ ایسا مسئلہ ہے جس کا جائزہ بی جے پی کو لینا ہے اور میں کوئی بی جے پی لیڈر نہیں ہوں ۔ جوشی نے کچھ اسی طرح کا جواب اُس سوال پر بھی دیا جب اُن سے مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر نارائن رانے کی گزشتہ روز امیت شاہ سے ملاقات اور اُن کی بی جے پی میں امکانی شمولیت سے کیا گیا ۔ انھوں نے کہاکہ ایسے اُمور پر فیصلہ بی جے پی کو کرنا ہے ۔