کولکاتہ ۔29 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ترنمول یوتھ کانگریس کے صدر ابھیشیک بنرجی جو چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے بھتیجے ہیں نے بی جے پی صدر امیت شاہ کے خلاف ایک ہتک عزت کا مقدمہ درج کیا ہے ۔ ان پر الزام ہے کہ بی جے پی صدر نے 11 اگسٹ کو کولکاتہ میں منعقدہ جلسہ عام میں ان کے خلاف توہین آمیز بیان دیاہے ۔ ابھیشیک بنرجی جو ترنمول کانگریس کے رُکن پارلیمنٹ بھی ہیں کولکاتہ میں چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کورٹ کی بنچ پر حاضر ہوکر امیت شاہ کے خلاف ہتک عزت کامقدمہ تحریری طورپر داخل کیا ۔ انھوں نے یہ دعویٰ کیا کہ امیت شاہ نے ان کے خلاف توہین آمیز بیان دیا ہے ۔ آٹھویں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ نے انھیں ہدایت دی کہ امیت شاہ کو نوٹس جاری کریں۔ ابھیشیک بنرجی کی جانب سے داخل کردہ فوجداری ہتک عزت مقدمہ کی سماعت 28 سپٹمبر کو کی جائیگی ۔ 13 اگسٹ کو اُنھوں نے امیت شاہ کو قانونی نوٹس بھیجی تھی اور ان سے برسرعام معذرت خواہی کا مطالبہ کیا تھا۔