حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بی جے پی کے صدر امیت شاہ کے بارے میں عام خیال یہ پایا جاتا ہے کہ وہ اکثر ریاستوں کے بی جے پی قائدین کو نہیں جانتے ، مثال کے طور پر کرناٹک میں بی جے پی نے لنگایت طبقہ سے تعلق رکھنے والے یدی یورپا کو عہدہ چیف منسٹری کا امیدوار بنایا ہے ۔ لیکن امیت شاہ کے خیال میں یدی یورپا سب سے بدعنوان سیاستداں ہیں ۔ دیوانگری میں ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کرناٹک کی سدارامیا زیر قیادت کانگریس حکومت پر الزامات کی بارش کردی ۔ اس دوران انہوں نے پر زور انداز میں اور بااعتماد لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا ’ حال ہی میں سپریم کورٹ کے ایک وظیفہ یاب جج نے کہا ہے کہ اگر حکومتوں کے درمیان کرپشن کا مقابلہ ہوتا تو پھر یدی یورپا حکومت پہلے مقام پر ہوتی ‘ ۔ امیت شاہ نے باتیں ایسے وقت کی جب 75 سالہ یدی یورپا ان کے بازو بیٹھے ہوئے تھے ۔ اپنی شان میں امیت شاہ کی قصیدہ خوانی سے یدی یورپا کے چہرے پر ہوائیں اڑنے لگی وہ شرم سے پانی پانی ہوگئے ۔ یعنی بھری محفل میں شرمسار ہوگئے ۔ ان کی حالت دیکھ کر وہاں موجود بی جے پی قائدین کے ماتھوں پر پسینہ آگیا ۔ اپنی غلطی کا پتہ چلنے پر امیت شاہ بھی کچھ دیر کے لیے پریشان ہوگئے خود کو سنبھالنے کی کوشش کرتے ہوئے کانگریس حکومت پر تنقیدوں کا سلسلہ جاری رکھا ۔ لیکن زبان سے نکلی ہوئی بات کمان سے نکلا ہوا تیر کبھی نہیں رکتے ۔ سوشیل میڈیا پر امیت شاہ کے بیان پر مبنی یہ ویڈیو وائرل ہوگیا ۔ جس کے نتیجہ میں بی جے پی قائدین میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی اور کانگریس کارکن خوشی سے سرشار ہوگئے ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی نے امیت شاہ کی ’ سچائی ‘ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا مضحکہ بھی اڑایا ۔ ویسے بھی یہ بات مضحکہ اڑانے کی ہی تھی ۔ دلچسپی اور حیرت کی بات یہ ہے کہ اکثر ٹی وی چیانلوں نے امیت شاہ کے اس بیان کو پیش کرنا گوارا نہیں سمجھا ۔ ہوسکتا ہے کہ ان چیانلوں نے بی جے پی کے دباؤ کے باعث ایسا کیا ہوگا ۔ امیت شاہ کی اس غلطی کے اندرون چند منٹ کانگریس کارکنوں نے سوشیل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل کردیا ۔ ٹوئیٹر پر ان کارکنوں اور عام رائے دہندوں نے دلچسپ تبصرے کیے ۔ کسی نے کہا ’ ہم جانتے تھے کہ امیت شاہ بھی سچ بول سکتے ہیں ۔ انہوں نے سچ ہی کہا کہ یدی یورپا بدعنوان ترین سیاستداں ہیں ۔ ایک اور پیام میں کہا گیا ہے کہ امیت شاہ نے یدی یورپا کے بارے میں پہلی مرتبہ اس طرح کی باتیں نہیں کی ۔ اس سے قبل بھی انہوں نے یدرپا کے بارے میں ناپسندیدہ باتیں کی تھی ۔ ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی میں سب کچھ ٹھیک نہیں ۔ آپ کو بتادیں کہ مسٹر یدی یورپا کو کانگریس میں بی جے پی کا پہلا چیف منسٹر ہونے کا اعزاز حاصل رہا ۔ سال 2008 میں انہوں نے اقتدار حاصل کیا ۔ لیکن کرپشن کے سنگین الزامات کے باعث اگست 2011 میں انہیں استعفی دینا پڑا ۔ ان پر کرناٹک کے لوک ایوکت سنتوش ہیگڈے نے کرپشن کے سنگین الزامات ہیں ۔ ان پر 40 کروڑ روپئے رشوت قبول کرنے کے بھی الزامات عائد کئے گئے تھے ۔ امیت شاہ کا دعویٰ ہے کہ ریاست میں بی جے پی کو زبردست عوامی تائید حاصل ہوگی ۔ سوشیل میڈیا پر تبصرہ میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی میں کرپشن کا جواب نہیں ۔۔