امیت شاہ اور ارون جیٹلی کا کلدیپ نیر کے انتقال پر اظہار رنج وغم

نئی دہلی، 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ اور سینئر پارٹی لیڈر اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے جمعرات کو مشہور صحافی کلدیپ نیر کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔ شاہ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”مشہور صحافی اور سابق راجیہ سبھا ممبر کلدیپ جی کے انتقال پر میں اپنے دکھ کا اظہارکرتا ہوں۔ ان سے چند ماہ پہلے ہی ملاقات ہوئی تھی۔ وہ پرمزاح اور توانائی سے بھرپور نظر آرہے تھے ۔ نیر جی ایمرجنسی کے خلاف مضبوطی کے ساتھ کھڑے تھے جس کو کبھی نہیں بھلایا جاسکتا۔ ان کا انتقال ہندوستانی صحافت کا نقصان ہے ۔ جیٹلی جنہوںنے آج ہی وزیرخزانہ کا عہدہ دوبارہ سنبھالا ہے ،اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ کہنہ مشق صحافی کے انتقال پر انہیں گہرا دکھ پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی میں ان کا اہم رول رہا ہے ۔انہیں کئی اہم بریکنگ نیوز کے لئے بھی یاد کیا جاتا ہے ۔