امیتابھ کیخلاف امریکی عدالت کا سمن ، خون کا بدلہ خون کا نعرہ دینے کا الزام

واشنگٹن۔ 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے لاس اینجیلس میں ایک وفاقی عدالت نے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزی کے مقدمہ میں بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن کے خلاف سمن جاری کی ہے۔ امیتابھ کے ہالی ووڈ مینیجر کے نام پیر کو یہ سمن روانہ کرتے ہوئے 17 مارچ تک جواب دینے کا حکم دیا گیا ہے۔ نیویارک میں واقع سکھوں کی تنظیم سکھ فار جسٹس (ایس ایف جے) نے امیتابھ کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ 1984ء میں انہوں (امیتابھ بچن) نے ’’خون کا بدلہ خون‘‘ کا نعرہ دیتے ہوئے عوام کو سکھ برادری کے خلاف تشدد کیلئے اشتعال دلایا تھا، تاہم امیتابھ نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ ایس جے ایف کی طرف سے 23 فروری کو دائر کردہ مقدمہ پر عدالت نے بچن کے ہالی ووڈ مینیجر ڈیوڈ ااے انگر کو وفاقی عدالت کے سمن کی نقل دی گئی ہے۔