امیتابھ فلم میں شامل ہوئے تو دیپکا باہر کیوں؟

بالی وڈ کی اداکارہ دیپکا پاڈوکون ’دھوم 3‘ کے ڈائریکٹر وجے کرشنا آچاریہ کی اگلی فلم میں ہریتک روشن کے ساتھ نظر آنے والی تھیں۔لیکن اب اطلاعات کے مطابق اس فلم میں امیتابھ بچن کے شامل ہونے کے بعد اب دیپکا فلم سے باہر ہو گئی ہیں۔دیپکا نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’پیکو‘ کی کامیابی میں ایک پارٹی کا انعقاد کیا تھا جس میں امیتابھ بچن کو نہیں مدعو کیا گیا تھا۔امیتابھ کو پارٹی میں نہ بلانے کا فلمی دنیا نے بہت نوٹس لیا اور اس کے بعد دیپکا نے وضاحت کی تھی کہ’ وہ ایک غلطی تھی جس کے لیے وہ خود کو کبھی معاف نہیں کریں گی۔‘اس کے بعد امیتابھ بچن نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انھیں دیپکا کے ساتھ فلموں میں دوبارہ کام کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انھوں نے مزید کہا تھا کہ ’جو بات گزر گئی سو گئی۔‘لیکن اب دونوں ایک ساتھ فلم نہ کرنے پر دوبارہ بحث شروع ہو گئی ہے۔یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی اس نئی فلم کے بارے میں کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں باضابطہ اعلان جلد ہی کریں گے۔