لاہور ۔ 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک برف بنانے والی فیکٹری سے امونیا گیس کے اخراج کے بعد زائد از 150 افراد بیہوش ہوگئے۔ یہ واقعہ لاہور کے ایک گنجان آبادی والے علاقہ میں پیش آیا جو پاکستان کے صوبہ پنجاب کادارالخلافہ ہے۔ فیکٹری کے کولڈ اسٹوریج میں گیس کا اخراج ہوا جو بادامی باغ میں واقع ہے۔ گیس کے اخراج کے فوری بعد فیکٹری کے ورکرس اور آس پاس کے مکانات میں رہنے والے افراد یکے بعد دیگرے بیہوش ہونا شروع ہوگئے اس طرح زائد از 150 افراد گیس کے اخراج سے بیہوش ہوگئے۔ فوری طور پر بچاؤ کاری عملہ کو طلب کیا گیا جس نے فوری طور پر متاثرہ افراد کو مایو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں تین بچوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ اس حادثہ کے بعد ضلع انتظامیہ اور پولیس نے فیکٹری کے مالک صلاح الدین کے خلاف معاملہ درج کرتے ہوئے فیکٹری کو مہربند کردیا۔