امریکی کسٹمس کمپیوٹرس اچانک ناکارہ

ایرپورٹس پر ہزاروں مسافرین پھنس گئے، کئی پروازیں متاثر
واشنگٹن 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں کسٹمس سرویس کمپیوٹر نظام آج اچانک ناکارہ ہوگیا جس کے نتیجہ میں طیرانگاہ پر ہزاروں مسافرین پھنس گئے اور اس ملک میں داخلہ کی باضابطہ منظوری کے لئے کئی گھنٹوں تک قطاروں میں کھڑے ہونے پر مجبور ہوگئے۔ امریکہ اور کیریبائی جزائر کے لئے ایک اہم مرکز سمجھنے جانے والے فورٹ لاؤڈر ڈیل ایرپورٹ کے ذرائع نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’کسٹمس اور سرحدی تحفظ کا کمپیوٹر نظام ملک گیر پیمانے پر اچانک غیر کارکرد ہوگیا اور اس کمپیوٹر نظام کی بحالی تک مسافرین کے داخلہ کو منظوری کے عمل میں تاخیر کا اندیشہ ہے‘‘۔ کسٹمس اور سرحدی تحفظ محکمہ کے ایک ترجمان نے این بی سی نیوز سے کہاکہ کئی طیرانگاہوں پر خدمات متاثر ہوئی ہیں اور ٹیکنالوجی نظام میں پیدا ہونے والے نقص کو درست کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس دوران میامی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ایک عہدیدار نے کہاکہ 30 سے زائد بین الاقوامی طیاروں کے مسافرین متاثر ہوئے ہیں۔ ایک مسافر نے کہاکہ طویل قطاروں میں کھڑے رہنے کے سبب دو افراد بیہوش ہوکر گر پڑے۔ میامی ایرپورٹ کے ذرائع نے پروازوں میں تاخیر سے مسافرین کو ہونے والی تکالیف پر افسوس کا اظہار کیا۔