لندن ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور یورپ کی جانب سے روس کے یوکرین پر قبضے کی پاداش میں عائد اقتصادی پابندیوں کا ماسکو پر کوئی منفی اثر پڑا ہے یا نہیں اس کا عقدہ تو ابھی کھلنا باقی ہے۔ لیکن یہ امر طے ہے کہ ان اقتصادی پابندیوں کے عام لوگوں کی زندگیوں پر گہرے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ان پابندیوں کے نتیجے میں روسی شہری کئی دوسرے ملکوں میں اپنے ڈیبٹ اور کریڈیٹ کارڈز استعمال نہیں کر سکتے۔ یہ کارڈ مشین میں ڈالتے ہی سامنے ’’معذرت! آپ کا کارڈ مسترد کر دیا گیا ہے‘‘ کا پیغام صارف کا منہ چڑانے لگتا ہے۔ اس کیفیت نے روسی شہریوں کو یورپ، امریکہ اور بعض دوسرے ممالک میں سنگین نوعیت کی مشکلات سے دوچار کیا ہے کیونکہ وہ نا تو بنکوں سے ’اے ٹی ایم‘ کے ذریعے رقم نکال سکتے ہیں اور نہ ہی کریڈٹ کارڈز کے ذریعے کوئی چیز خرید سکتے ہیں۔ عالمی اقتصادی پابندیوں سے متاثرہ روسی شہریوں میں 53 سالہ ایگور سیکین بھی شامل ہیں جو اپنے کریڈٹ کارڈ کی مدد سے کسی بیکری سے ایک پیزا بھی نہیں خرید سکتے ہیں حالانکہ وہ اپنے ملک میں ارب پتی اور روسی قدرتی تیل کی کل پیدوارار کے 40 فی صد حصے کے مالک ہیں۔