حیدرآباد 18 جون (سیاست نیوز) امریکی ویزوں کی اجرائی کے عمل میں تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر کے تمام قونصل خانوں میں 22 تا 26 جون ویزا انٹرویو کے لئے دیئے گئے وقت کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ جاریہ ماہ کی 9 تاریخ سے جاری تکنیکی خرابی کو دور کرنے کیلئے واشنگٹن میں 100 سے زائد تکنیکی عملہ کوششوں میں مصروف ہے لیکن کوئی امریکی عہدیدار یہ بتانے سے قاصر ہے کہ آیا مذکورہ خرابی کو کب تک درست کیا جائے گا۔ امریکی عہدیداروں کی جانب سے اِس بات کی بھی کوئی وضاحت نہیں کی جارہی ہے کہ تکنیکی خرابی دراصل کس وجہ سے پیدا ہوئی ہے کیونکہ سائبر حملوں کے دور میں امریکی ویزوں کی اجرائی میں پیدا ہونے والی اِس خرابی کے متعلق کئی شبہات پیدا ہوچکے ہیں لیکن اِس کے باوجود اتنا کہنے پر اکتفا کیا جارہا ہے کہ کمپیوٹر نظام میں خرابی پیدا ہونے کے سبب ویزا انٹرویوز کے لئے دیئے گئے وقت کو منسوخ کیا جارہا ہے اور ویزا درخواست گذاروں سے خواہش کی جارہی ہے کہ وہ 6 جولائی کے بعد اپنے انٹرویو کے لئے وقت حاصل کریں۔ علاوہ ازیں امریکہ میں منعقد ہونے والے کئی پروگرامس میں شرکت کے خواہشمندوں کو بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے چونکہ تکنیکی خرابی کے باعث اُنھیں ویزا کی اجرائی ناممکن ہوچکی ہے۔