واشنگٹن۔/28جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج بشمول روسی صدر ولاد یمیر پوٹن پانچ عالمی قائدین سے اپنی مقررہ ٹیلی ویژن بات چیت سے عین قبل امریکہ کے دو بڑے اخبارات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ٹرمپ نے نیویارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ کی مذمت کرتے ہوئے سلسلہ وار ٹوئیٹس میں ان دونوں کو بددیانت اخبارات قرار دیا۔ لیکن صبح کی اولین ساعتوں میں ان دونوں اخبارات پر ان کی تنقیدوں کی وجہ واضح نہیں ہوسکی۔ ٹرمپ آج دن میں روسی صدر کے علاوہ جاپان، جرمنی، فرانس اور آسٹریلیا کے قائدین سے بات کریں گے۔ ٹرمپ نے اپنے اقتدار کے پہلے ہفتہ کی بے پناہ مصروفیات کے دوران کئے گئے اقدامات یا پھر آج دن کی مصروفیات کا کوئی تذکرہ کرنے کے بجائے امریکہ کے ان دو انتہائی باوقار اخبارات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’ یہ دونوں اخبارات ابتداء سے مجھ کو غلط ظاہر کررہے ہیں اور اب بھی اپنی روش نہیں بدلے۔’’ بددیانت‘‘ ہیں یہ دونوں اخبارات ‘‘۔ ٹرمپ نے ایک اور ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’’ ناکام ہوتا ہوا نیویارک ٹائمز ابتداء سے میرے بارے میں غلط رہا ہے۔ کہا تھا کہ ابتدائیوں کے انتخابات میں مجھے شکست ہوگی ۔‘‘ پھر عام انتخابات میں بھی ’’ جھوٹی خبریں۔‘‘