واشنگٹن ، 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی مصنوعی سیارہ ’میون‘ (MAVEN) دَس ماہ تک سفر کرنے کے بعد مریخ کے مدار میں داخل ہو گیا ہے۔ خلائی سفر کے امریکی ادارہ ناسا کے مطابق تقریباً گیارہ میٹر طویل اس مصنوعی سیارہ نے گزشتہ سال نومبر میں کیپ کینیورل کے خلائی اسٹیشن سے سرخ سیارے کی جانب اپنی پرواز کا آغاز کیا تھا۔ سائنسدانوں کے مطابق تقریباً 670 ملین ڈالر کی لاگت سے عمل میں لائے جانے والے اس مشن سے یہ پتہ چلنے کا امکان ہے کہ مریخ پر زندگی پیدا نہ ہونے یا پھر کبھی ہوپانے کی کیا وجوہات ہو سکتی ہیں۔ مریخ پر پہلے سے تحقیقی روبوٹ گاڑی ’کیوروسٹی‘ اور اس کی پیش رو ’اپرچونٹی‘ محوِ سفر ہیں۔ امریکی ادارہ ناسا 2030ء میں ایک انسان بردار مشن مریخ کی جانب بھیجنے پر غور کر رہا ہے۔