واشنگٹن ۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست کولوراڈو کے ایک مستقر میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جب وہاں کے پولیس محکمہ سے وابستہ تمام اہلکاروں نے استعفیٰ دیدیا اور اس طرح وہ مستقر ایسا علاقہ بن گیا جہاں محکمہ پولیس کا وجود ہی ناپید ہوگیا۔ پولیس مارشل ٹم براڈے کے استعفیٰ سے دیگر تین والینٹر آفیسرس کو بھی استعفیٰ دینے کی ترغیب ملی جس کے بعد قریب میں واقع الپاسوکاؤنٹی اور ٹیلر کاؤنٹی شیریف کے دفاتر کی یہ ذمہ داری ہوگئی کہ وہ گرین ماؤنٹین فالز مستقر کی بھی نگرانی کریں۔ وہاں رہنے والے افراد نے اپنے پولیس افسران کے اچانک استعفوں کے بارے میں کچھ بھی نہیں بتایا کیونکہ وہ خود کچھ بھی بتانے سے قاصر تھے البتہ فاکس نیوز نے ایک نامعلوم ذریعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس نومنتخبہ میئر جین نیوبیری سے ناخوش تھا۔ پولیس والوں نے میئر کے عہدہ کا جائزہ لینے سے ایک دن قبل ہی اجتماعی استعفیٰ دیدیا۔ نیوبیری نے نیوزچینل کو بتایا کہ انتخابات کے سال میں کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو قیام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں اور کچھ دستبردار ہوجانے کو اور ایسا حکومت کے ہر سطح پر ہوتا ہے۔ ایک ٹاؤن میٹنگ میں مقامی عوام کو پولیس والوں کے فیصلہ سے آگاہ کردیا گیا جبکہ مقامی ٹپہ خانہ میں ایک نوٹس بھی چسپاں کی گئی تاہم اب تک یہ معلوم نہ ہوسکا کہ مستعفی ہوجانے والے پولیس افسران کی جگہ پر نئے تقررات کب ہوں گے۔ یہ سمجھا جارہا ہیکہ جیسے ہی ٹاؤن کے بجٹ کو قطعیت دی جائے گی، میئر نئے پولیس افسران کی بھرتی کیلئے اشتہارات شائع کروائیں گے۔