امریکی فوجی ہاسپٹل میں گولی چلنے کی اطلاعات پر سراسمیگی

واشنگٹن ۔6 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) واشنگٹن کے مضافات میں واقع ایک بڑے امریکی فوجی ہاسپٹل کی پولیس نے آج اُس وقت جامع تلاشی لی جب یہاں گولیاں چلنے کی غیرمصدقہ اطلاعات ملیں۔ والٹر ریڈ نیشنل میڈیکل سنٹر کے اسٹاف کو فوری ہاسپٹل بند کردینے کا حکم دیا گیا جس کے بعد پولیس اور اسنیفر ڈاگس نے یہاں پہونچ کر 20 منزلہ عمارت کی تلاشی کا کام پورا کیا۔ مونٹ گومری کاؤنٹی پولیس ترجمان کیپٹن پال اسٹارکس نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ فی الحال گولی چلنے یا کسی کے زخمی ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے ۔ عہدیداروں نے انفرادی طورپر کئی افراد سے پوچھ تاچھ کی جنھوں نے بتایاکہ بعض آوازیں سنائی دی اور یہ سمجھا گیا کہ گولیاں چل رہی ہیں۔ عہدیدار نے مزید تفصیلات نہیں بتائی ۔ جیسے ہی گولیاں چلنے کی افواہ پھیل گئی اسٹاف نے خود کو مقفل کرلیا اور سارے ہاسپٹل کی جہا ں 7,000 افراد برسرروزگار ہیں سکیورٹی بڑھا دی گئی ۔ ایک اسٹاف ممبر نے بتایا کہ اُس کے ساتھی اور مریض باتھ روم میں چھپ گئے تھے اور لائٹ بند کردی گئی تھی ۔ ہرجگہ لوگ چیخ و پکار کررہے تھے ۔ اس دوران مقامی ٹی وی نیوز نے ہاسپٹل اسٹاف کو پریشانی کے عالم میں دکھایا گیا ۔ کئی لوگ اپنے ہاتھ اوپر اُٹھائے اصل عمارت سے باہر آرہے تھے ۔ ملک کے باوقار فوجی ہاسپٹل کو مقفل کردیا گیا تھا۔