بوسٹن ۔یکم جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک چھوٹے سے خانگی جٹ طیارہ میں سوار تمام 7افراد ہلاک ہوگئے‘ جب کہ طیارہ فضائیہ کے فوجی اڈہ سے میساجوسیٹس میں پرواز کرتے وقت دھماکہ سے پھٹ پڑا اور شعلہ پوش ہوگیا۔ گلف اسٹریم ٹی وی جٹ کل ہیمسکام فضائیہ کے فوجی اڈہ سے 9.40بجے شب روانہ ہوا تھا لیکن ایک جنگلاتی علاقہ میں حادثہ کا شکار ہوگیا ۔ اس میں سوار تمام 7افراد ہلاک ہوگئے ۔ ڈائرکٹر ہیمسکام شیرن ولیمس کے حوالے سے سی این این نے خبر دی ہے کہ آج رات تمام مہلوکین کیلئے دُعا کی گئی ۔ ڈائرکٹر نے مہلوکین کے ناموں کا انکشاف نہیں کیا ۔ سرکاری عہدیداروں کے بموجب خانگی طیارہ نیوجرسی کے اٹلانٹک سٹی جارہا تھا ۔ قریب میں مقیم شہریوں نے کہا کہ انہوں نے ایک آتش گولہ فضاء میں دیکھا اور بعد ازاں دھماکہ کی آواز سنائی دی ۔ یہ طیارہ دھماکہ سے پھٹ پڑا اور آتش گولہ میں تبدیل ہوگیا تھا ۔ فضاء میں گہرے سیاہ کثیف دھویں کا بادل اٹھتا ہوا دیکھا گیا ۔ فضاء میں 60فٹ اونچائی تک شعلے بھڑکتے ہوئے نظر آرہے تھے ۔ ایک مقامی شہری کے بموجب اس نے زبردست دھماکہ سنا ‘ جب کہ یہ طیارہ قریبی مکان سے ٹکرانے والا تھا ۔ اس کے دھکے سے مکان ہلنے لگا تھا۔