واشنگٹن ۔ 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے اپنے شہریوں کو دنیا کے کسی بھی ملک کا سفر کرنے کیلئے کچھ احتیاطی تجاویز پیش کی ہیں۔ اس وقت دنیا کے ہر خطہ میں دولت اسلامیہ کے حملوں کا خطرہ بڑھتا ہی جارہا ہے۔ پیرس اور مالی میں جو کچھ ہوا اس کے بعد یہ کہنا مشکل ہے کہ دنیا کا کونسا ملک کتنا محفوظ ہے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سفر کرنے کیلئے کچھ تجاویز کو کل ہی جاری کیا گیا جس میں واضح طور پر کہا گیا ہیکہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دولت اسلامیہ جسے داعش بھی کہا جاتا ہے، القاعدہ، بوکوحرام اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں دنیا کے مختلف علاقوں میں حملوں کا منصوبہ بنارہی ہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہیکہ حملوں کیلئے کئی نئے اور آزمودہ طریقہ استعمال کئے جاسکتے ہیں جن میں عصری اور غیرعصری ہتھیاروں کا استعمال بھی شامل ہے جن کے ذریعہ نہ صرف سرکاری بلکہ غیر سرکاری اداروں کو بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق اس بات کے امکانات بھی ہیں کہ دولت اسلامیہ گروپ کے شام اور عراق سے واپسی کے بعد تازہ حملے کئے جائیں گے۔ مزید برآں ایسے افرادسے بھی حملوں کا اندیشہ ہے جو دہشت گرد تنظیموں کے نظریات سے مرعوب ہیں اور وہ شخصی طور پر کوئی بھی جان لیوا حملہ منظم کرسکتے ہیں۔ انتہاء پسندوں نے اسپورٹنگ ایونٹس، تھیٹرس، اوپن مارکٹس اور شہری ہوا بازی خدمات کو نشانہ بنایا ہے۔ گذشتہ سال ہی فرانس ،نائجیریا، ڈنمارک، ترکی اور مالی میں دہشت گرد حملے کئے گئے تھے۔