امریکی سفیر پاویل کی مودی سے ملاقات، 9 سالہ بائیکاٹ ختم

گاندھی نگر 13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سفیر نینسی پاویل نے 9 سالہ بائیکاٹ ختم کرتے ہوئے آج نریندر مودی سے ملاقات کی اور کہاکہ اُن کا ملک حکومت ہند کے ساتھ لوک سبھا انتخابات کے بعد قریبی تعلقات کا خواہاں ہے۔ امریکی سفیر نے کہاکہ ہندوستان اور امریکہ کی شراکت داری اہم اور حکمت عملی پر مبنی ہے۔ امریکہ چاہتا ہے کہ ہندوستانی عوام آئندہ انتخابات میں ہندوستان کی نئی حکومت کے انتخاب کے بعد دونوں ممالک کی قریبی شراکت داری اور تعاون برقرار رہے۔ امریکی سفیر اور نریندر مودی کی ملاقات ایک گھنٹہ طویل تھی۔ سرکاری ذرائع کے بموجب پاویل نے گجرات میں حکمرانی کے ’’اچھے نمونے‘‘ کی تعریف کی۔ اُن کے خیال میں اِس کی تقلید دنیا کے دیگر علاقوں میں بھی ہونی چاہئے۔ ذرائع نے کہاکہ امریکی سفیر نے مودی سے کہہ دیا کہ گجرات میں ’’سرمایہ کاری کا بہترین ماحول‘‘ موجود ہے۔ اُنھوں نے گجرات کا 20 سال بعد دورہ کیا تھا۔ نینسی پاویل نے مبینہ طور پر کہاکہ وہ گزشتہ 20 برس میں ریاست کی ترقی سے بیحد متاثر ہیں۔ ذرائع کے بموجب مودی نے ہندوستانی سفارت کار دیویانی کھوبرگاڑے کا مسئلہ اُٹھایا اور اُنھیں تیقن دیا گیا کہ امریکہ اِس معاملہ کی عاجلانہ یکسوئی کا خواہاں ہے۔ یہ ملاقات اقوام متحدہ کے سفارت خانہ کی ہندوستان کی بڑی سیاسی پارٹیوں کے سینئر قائدین سے آئندہ قومی انتخابات سے پہلے ربط پیدا کرنے کی مہم کا ایک حصہ تھی۔ مودی ۔ پاویل تبادلہ خیال کا مرکزی موضوع ہند ۔

امریکہ تعلقات کی اہمیت، علاقائی صیانت کا مسئلہ، انسانی حقوق، ہندوستان میں امریکی تجارت اور سرمایہ کاری تھا۔ امریکہ اور ہندوستان حکمت عملی پر مبنی شراکت داری کے ذریعہ اپنے تعلقات میں وسعت اور گہرائی پیدا کرنے کی سمت پیشرفت کررہے ہیں۔ 2002 ء کے مسلم کش گجرات فسادات کے بعد نریندر مودی کے 9 سال سے جاری امریکی بائیکاٹ کے خاتمہ کی راہ اِس ملاقات کے ذریعہ ہموار ہوگئی۔ امریکی سفیر نے چیف منسٹر گجرات سے ملاقات کا وقت طلب کیا تھا جو اُنھیں دے دیا گیا۔ 2005 ء سے نریندر مودی کو مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزام میں امریکی ویزا سے محروم رکھا گیا تھا۔ نینسی پاویل نے کہاکہ ہند ۔ امریکہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تذکرہ کیا۔ اِس کے علاوہ عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ G-8 ، G-20 ، WTO ، دہشت گردی اور صیانتی کارروائیوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ مودی نے خاطیوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کیا۔ مودی کے ساتھ بات چیت کے دوران نینسی پاویل نے افغانستان میں ہند ۔ امریکہ تعاون کا بھی معاملہ اُٹھایا۔ یہ پہلی بار تھا جبکہ سفیر کی سطح کے کسی عہدیدار نے مودی سے ملاقات کے لئے احمدآباد کا دورہ کیا ہے۔