امریکی سرمایہ کاروں کو مودی کی پرکشش ترغیبات

نئی دہلی ۔ 26 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی سرمایہ کاروں کو راغب کرتے ہوئے قابل قبول ٹیکس نظام ، غیریقینی کیفیت کو ختم کرنے اور آزادانہ تجارتی ماحول کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا ہے جبکہ صدر امریکہ براک اوباما نے ہندوستان کے ساتھ تجارت کے لئے 4 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا عہد کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکہ نے تجارتی رکاوٹوں ، انٹلیکچول پراپرٹی رائیٹس کے بارے میں تشویش ظاہر کی اور ٹیکس نظام کے علاوہ دیگر اُمور کو آسان بنانے پر زور دیا تاکہ ہندوستان کے ساتھ تجارت میں سہولت ہو۔ دونوں قائدین نے آج دونوں ممالک کے کارپوریٹ لیڈرس کے ساتھ اجلاس میں ایک دوسرے کا موقف واضح طورپر پیش کیا۔ سی ای اوز فورم اور بزنس چوٹی اجلاس میں مودی نے کہا کہ اُن کی حکومت غیرضروری رکاوٹوں کو جو ماضی میں حائل تھیں دور کرے گی ۔ اس کے علاوہ غیریقینی کیفیت کو جلد از جلد ختم کیا جائے گا ۔ اُن کا اشارہ ٹیکس قوانین کی طرف تھا جو پیشرو حکومت نے متعارف کیا تھا اور اس کی وجہ سے عالمی سرمایہ کاری پر کافی اثر پڑا ۔ مودی نے کہاکہ عنقریب ہندوستان میں ایسا ماحول ہوگا جہاں سرمایہ کاروں کیلئے کھلی راہیں دستیاب رہیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرنے کے ساتھ ساتھ ہم پراجکٹس میں آپ کی رہنمائی بھی کریں گے اور آپ کے ساتھ ساتھ رہیں گے ۔ یہاں ایک ایسا ماحول ملے گا جس میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی اور تجارتی فوائد حاصل ہوں گے ۔ اوباما نے اپنے خطاب میں ہندوستان میں ٹیکس اور ریگولیٹری نظام کو موثر و سہل بنانے کی خواہش ظاہر کی ۔